کراچی : پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کی صبح کے ایس ای 100 انڈیکس 600 پوائنٹس اضافے کے بعد 53250 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا جو ملکی تاریخ میں انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے۔
اس سے پہلے مئی 2017 میں سٹاک مارکیٹ 53127 پوائنٹس پر پہنچی تھی۔ سٹاک مارکیٹ میں اس وقت خریداری کا رجحان غالب ہے۔
سٹاک مارکیٹ تجزیہ کار اس تیزی کی وجہ ملک میں اگلے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ آئی ایم ایف اور پاکستان میں جاری مذاکرات کو قرار دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم اس وقت اسلام آباد میں موجود ہے۔