کراچی: نگراں وفاقی وزیر علی مدد سندھی نے کہا ہے کہ نجی اسکولوں کو نصاب کے حوالے سے پابند کرنا پڑے گا، نجی اسکولوں میں آئس منشیات چل رہی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی مدد سندھی نے کہا کہ شاہ لطیف بھٹائیؒ ڈھائی سو سال سے سندھ کے لوگوں میں مقبول ہیں انہوں نے اس وقت شاعری کی جب ذرائع ابلاغ نہیں تھا، شاہ لطیف نے محبت کا پیغام دیا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ کل میانوالی میں افسوس ناک واقع پیش آیا اس کی مذمت کرتا ہوں، ایسے واقعات کو روکنے کے لئے شاہ لطیفؒ کا پیغام دینا ہوگا، اپنی سرحدوں سے کسی کو نہیں آنے دیں گے، دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں کہ پاسپورٹ پھاڑ کر وہاں کوئی شخص رہ سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی افغانیوں کو اپنے ملک بھیج رہے ہیں ان کے خلاف مزید سخت اقدامات کرنا ہوں گے، ہماری بدقسمتی ہے کہ ملک میں تین طبقے پیدا ہوئے، ہمارے وقت میں اے سی اور ڈی سی کے بچے بھی پڑھتے تھے۔
انہوں ںے کہا کہ کرپشن نے ملک کو تباہ کر دیا، نجی اسکولوں کو نصاب کے حوالے سے پابند کرنا پڑے گا، نجی اسکولوں میں آئس منشیات چل رہی ہے، الیکشن بتائی گئی تاریخ پر ضرور ہوں گے۔