پشاور:محکمہ موسمیات کی طرف سے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور بالائی اضلاع میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 10 نومبر تک جاری رہ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور برفباری سے درجہ حرارت میں دو سے تین سینٹی گرید کمی کا امکان ہے، تیز بارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔
پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کیے گئے مراسلے میں طوفان کی صورت میں عوام بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے، حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں جبکہ مقامی آبادی کو بوقت ضرورت محفوظ انتظار گاہوں کی جانب منتقل کیا جائے۔