سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج دوستوں اور دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، مارشل لاء لگانا اب ممکن نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی ہے۔ ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اقتدار کے حصول کے لیے نہیں ہٹایا۔ ہم دیکھ رہے تھے کہ ان سے کام نہیں ہورہا تھا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک میں عوام کی خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے سندھ میں ترقیاتی کام کرنے ہیں، پیپلز پارٹی غریبوں کی جماعت ہے۔ جوہمارے خلاف کھڑے ہوں گے انہیں بسم اللہ کہیں گے۔
سابق صدر نے کہا کہ اپنے دور میں تمام پاورز پارلیمان کو دی تھی۔ اگر ہم نے صدر کے اختیارات کم کیے تھے تو اس کے پیچے سوچ تھی۔ ہماری سیاست ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر بھٹو کی سیاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کو کہتے ہیں کے الیکشن میں مقابلہ کریں۔ جمہوریت میں مقابلہ ہوگا تب ہی اچھا نتیجہ سامنے آئے گا۔ پاکستان مزید معاشی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ دنیا میں بہت مسئلے ہیں لیکن فلسطین کا مسئلہ اہم ہے۔ فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم ہورہا ہے۔