برمنگھم : لندن میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی۔ خسرے کی وبا پھوٹنے کی وجہ سے والدین کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ لندن میں محکمہ صحت نے والدین کے نام پیغام جاری کیا ہےکہ اپنے بچے کو خسر ے کی ویکسین لگوائیں تاکہ وہ مستقبل میں اس بیماری سے محفوظ رہ سکے۔
لائسسٹر کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ کاکہنا ہے کہ بچوں کی صحت کو یقینی بنائیں اور ان کو ایم ایم آر ویکسین لگوائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بیماری سے محفوظ رہنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہےکہ خود کو اور اپنےبچے کو ویکسین لگوائیں اور بیماری سے محفوظ رکھیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق، کم از کم 95 فیصد لوگوں کو قوت مدافعت کے لیے ویکسین لگانے کی ضرورت ہے۔ خسرہ ایک انتہائی متعدی بیماری ہے، جو ایک شخص سے دوسرے شخص میں تیزی سے پھیلتی ہے، خاص طور پر سکولوں میں بچوں کو ایک دوسرے سے یہ بیماری ہوجاتی ہے ۔ یہ بعض اوقات انتہائی سنگین صورتوں میں نمونیا یا موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
ایسٹ آف انگلینڈ ایسٹ مڈلینڈز اور یارکشائر اور ہمبر میں دو دو کیس رپورٹ ہوئےجبکہ نارتھ ایسٹ اور نارتھ ویسٹ میں بھی اطلاعات آرہی ہیں۔