اںٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان کی آسٹریلیا سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کیلئے دو صورتیں سامنے آگئیں۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا گروپ اسٹیج دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کیلئے چوتھی ٹیم کا فیصلہ کرنے میں اب بھی اگر مگر کی صورتحال جاری ہے۔
ون ڈے ورلڈکپ میں بھارت، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل پوائنٹس ٹیبل کی دوسری (جنوبی افریقہ) اور تیسری ٹیم (آسٹریلیا) کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پہلے سیمی میں بھارت کو اپنی مخالف ٹیم کا نام جاننے کیلئے 11 نومبر کا انتظار کرنا ہوگا۔ پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں ورلڈکپ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے دو ممکنہ صورتیں سامنے آئی ہیں۔ اگر سری لنکا نیوزی لینڈ کو کل کے میچ میں شکست دے دیتا ہے یا واش آوٹ کے باعث میچ مکمل نہ ہوا تو پاکستان انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
دوسری صورت میں اگر نیوزی لینڈ سری لنکا کیخلاف کامیاب ہوجاتا ہے تو پھر پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف میچ 130 رنز سے جیتنا ہوگا۔ صرف یہی نہیں پاکستان کو یہ بھی ذہن میں رکھنا ہوگا کہ کیویز نے کتنے مارجن سے مخالف ٹیم کو شکست دی ہے۔