کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج ،100انڈیکس میں ایک ہزار 161 پوائنٹس کا اضافہ ہوا،کاروبارکےدوران انڈیکس 55ہزار422پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج نے واٹس ایپ سروس کے نام سے ایک شاندار نئی سروس متعارف کرائی ہے تاکہ کیپیٹل مارکیٹ کے صارفین کو ان کی انگلیوں پر معلومات فراہم کی جا سکیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ دلچسپ پیشکش صارفین کو سرمایہ کاری کے اجرا ، مالیاتی معلومات کی بنیادی باتیں ،مارکیٹ رپورٹ، مارکیٹ کا خلاصہ، روزانہ کوٹیشن اور روزانہ کے اعلانات کی معلومات فراہم کرتی ہے۔
پی ایس ایکس واٹس ایپ سروس کے اجرا پر پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان نے کہا ہے کہ ہم سرمایہ کاروں، ایشورز، میڈیا اور عام لوگوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے استعمال اور فائدے کے لیے پی ایس ایکس واٹس ایپ گروپ سروس متعارف کرانے کے لیے مسرت محسوس کرتے ہیں۔
یہ سروس سب صارفین کے لیے ہے،چاہے وہ مارکیٹ میں نئے ہوں یا اس سے واقف ہوں، یہ صارفین پی ایس ایکس واٹس ایپ سروس کا استعمال کر سکتے ہیں تاکہ روزانہ مارکیٹ کی رپورٹس حاصل کرسکیں۔
وہ پی ایس ایکس کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری کے ایک سو ایک کورس کے لیے ہم سے رابطہ کر کے سرمایہ کاری کے طریقے سیکھ سکتے ہیں۔
وہ مین بورڈ کے ساتھ ساتھ جی ای ایم بورڈ کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں تاکہ وہ اپنی کمپنی کی فہرست سازی اور سرمایہ اکٹھا کر سکیں۔
اسی طرح کمپنیاں اس سروس پر دستیاب دیگر کئی قسم کی معلومات کے علاوہ اپنے عملے کے ارکان کے لیے سرمایہ کاروں کے تعلیمی سیشنز کے لیے پی ایس ایکس تک پہنچ سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایکس اپنی خدمات اور پیشکشوں کو ڈیجیٹلائز کرنے اور اپنے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانا جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ نئی کاوش پی ایس ایکس کی جانب سے پیش کردہ ڈیجیٹل اور آسان سہولیات کے سلسلے میں ایک قابل ذکر کڑی ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کہ کہ یہ سروس صارفین اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگی۔