پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے انعقاد کے حوالے سے گورننگ کونسل کا اجلاس منگل کو لاہور میں طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میٹنگ میں پی ایس ایل کے وینیوز اور تاریخوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ پی ایس ایل کی مجوزہ تاریخیں 8 فروری سے 24 مارچ ہیں تاہم ملک میں 8 فروری کو ہی عام انتخابات کی وجہ سے بعض فرنچائزز اور بورڈ آفیشلز لیگ کا یو اے ای میں انعقاد چاہتے ہیں۔
گورننگ کونسل کے اجلاس میں پلیئرز ڈرافٹ کی تاریخ اور میڈیا رائٹس کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔
میٹنگ کے ایجنڈے میں سروگیٹ ایڈورٹائزنگ بھی شامل ہے جس میں فرنچائزز کو حکومتی ہدایات کی روشنی میں اس سے باز رہنے کی ہدایت دی جائے گی۔ بعض فرنچائزز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس پر سروگیٹ کمپنیز کے لوگو ہٹا بھی دیے ہیں۔
تمام فرنچائزز کو اس حوالے سے حکومتی نوٹیفکیشن کی کاپی بھی بھیجی گئی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر پی ایس ایل کے دروازے مکمل بند ہونگے جبکہ آئندہ ایڈیشن میں کسی فرنچائز کو اجازت نہ ہوگی۔
نوٹیفکیشن سے متعلق ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہدایت نہیں ملی صرف مشورہ دیا گیا ہے۔ معاملے پر مزید غور کریں گے۔