پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنی تیسری شادی کی ناکامی کی افواہوں کی مکمل طور پر تردید کردی۔
ریحام خان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں کے بعد ایکس پر ایک ویڈیو پیغام شئیر کیا جس میں ان کے ہمراہ شوہر مرزا بلال بھی موجود تھے۔
ریحام خان نے کہا کہ ’حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ریحام اور ان کے شوہر بلال کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ان خبروں کی وجہ سے میرے دوستوں نے مجھے فون کالز بھی کیں، مجھے معلوم ہے کہ میری ذاتی زندگی کے بارے میں ایسی جعلی خبریں کون پھیلا رہا ہے، حالانکہ میں انہیں زیادہ اہمیت دینے کی زحمت بھی نہیں کرتی‘۔
ریحام خان نے ناقدین اور جعلی خبریں پھیلانے والوں کو کہا کہ ’چاہے میں 12 بار شادی کروں یا 12 بار طلاق دوں، آپ سے مطلب؟ اپنے کام سے کام رکھیے، اگر اتنی توجہ آپ اپنی ازدواجی زندگی پر دیتے، یا کیرئیر، بچوں اور بہن کی شادی پر دیتے تو صورتحال مختلف ہوتی‘۔