ممبئی: بالی ووڈ کی میگا اسٹار پریانکا چوپڑہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ سے اداکاری سیکھی۔
اداکارہ پریانکا چوپڑہ نے ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے لیجنڈری اداکار نصیرالدین شاہ سے 10 روز تک اداکاری کی کلاسز لیں۔ میں نے نصیرالدین شاہ سے درخواست کی کہ کیا آپ فلم ’ سات خون معاف‘ کے اسکرپٹ پر کام کے لیے میری مدد کریں گے کیونکہ یہ بہت پیچیدہ کردار ہے۔
پریانکا چوپڑہ کے مطابق نصیرالدین شاہ نے مجھ سے پوچھا کہ مجھے کس قسم کی مدد کی ضرورت ہے اور پھر 10 روز تک میں نے اپنے کردار کو بہترانداز میں نبھانے کے لیے ان سے اداکاری سیکھی۔
بالی ووڈ کی میگا اسٹار کا مزید کہنا تھا کہ اکثر لوگ مجھے خواتین کے مرکزی کرداروں والی فلمیں جیسا کہ ’ فیشن‘ کرنے سے منع کرتے تھے لیکن مجھے فلم ’فیشن ‘ کی کہانی بہت پسند آئی۔ فلم میں مسئلے کو بہت موثر انداز میں پیش کیا گیا۔