شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار عثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے ثمینہ پیرزادہ سے گھر سے بھاگ کر شادی کی تھی۔
عثمان پیرزادہ نے حال ہی میں “فوچیا میگزین” کو انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اپنی اور ثمینہ پیرزادہ کی شادی، کیریئر سمیت دیگر موضوعات پر بات چیت کی۔
انٹرویو میں عثمان پیرزادہ نے اپنی شادی کے بارے میں کُھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ “میں اور ثمینہ ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، میرے گھر والے ہماری شادی کے لیے راضی تھے لیکن ثمینہ کی والدہ راضی نہیں تھیں، وہ مجھے کہتی تھیں کہ اداکاری چھوڑ دو اور نیوی جوائن کرلو”۔
عثمان پیرزادہ نے کہا کہ “میں جاوید جبار کی فلم کررہا تھا، شوٹنگ کے آخری دن، میں اور ثمینہ ایک جگہ کافی پی رہے تھے تو اُسی دوران ثمینہ نے کہا چلو آج نکاح کرلیتے ہیں”۔
اداکار نے کہا کہ “اُس کے بعد، ہم ایک دوست کے گھر گئے وہاں ایک مسجد میں جاکر مولانا سے نکاح پڑھانے کا بولا، پہلے تو مولانا صاحب حیران ہوگئے اور پھر بعد میں وہ سمجھ گئے تھے کہ ہم چُھپ کر نکاح کررہے ہیں”.
اُنہوں نے کہا کہ “نکاح کے بعد ، ہم لڈووْں کا ڈبہ لیکر ثمینہ کے گھر پہنچے اور وہاں اُن کی والدہ کو نکاح کا بتایا جس پر اُنہوں نے غصے سے لڈووْں کا ڈبہ پھینک دیا اور میں وہاں سے بھاگ گیا”۔
عثمان پیرزادہ نے کہا کہ “اُس کے بعد، میں نے اپنے بڑے بھائی کو فون کرکے نکاح کا بتایا، پھر میری والدہ ثمینہ کے گھر گئیں اور کچھ دیر میں ہی سب کچھ ٹھیک ہوگیا، اس ملاقات کے 20 سے 22 دن کے بعد ہماری شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا”۔
اداکار نے مزید کہا کہ “ہماری شادی کو 12 سال گُزر چکے تھے لیکن ہم اولاد کی نعمت سے محروم تھے، پھر اللہ نے ہمیں بیٹی کی رحمت سے نوازا، خوش قسمتی سے کچھ عرصے بعد ہمارے یہاں دوسری اولاد بھی بیٹی ہی ہوئی”۔
واضح رہے کہ ثمینہ اور عثمان پیرزادہ کی پہلی ملاقات 1973 میں ہوئی تھی جبکہ اس جوڑے نے 1975 میں شادی کی تھی۔