ملک میں تیل و گیس کی پیداوار میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر معمولی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 70156 بیرل ریکارڈکی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 0.1 فیصدکم ہے۔پیوستہ ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداور 70218 بیرل ریکارڈکی گئی تھی۔
اسی طرح 8 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 2967 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 3 فیصد کم ہے۔ پیوستہ ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 3059 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 32971 بیرل، پی پی ایل 10884، پی او ایل 4797 اور ماڑی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 1098 بیرل ریکارڈکی گئی۔
اس طرح گزشتہ ہفتے میں او جی ڈی سی ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 680 ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل 553، پی او ایل 63 اور ماڑی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 919 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی ہے۔