بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور کی ایکشن تھرلر فلم ‘انیمل’ سے متعلق یہ خبر سامنے آئی ہے کہ فلم کی شوٹنگ اداکار سیف علی خان کی حویلی میں ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘انیمل’ میں وجے سنگھ (رنبیر کپور) کے اہلخانہ یعنی انیل کپور، جس حویلی میں رہائش پذیر تھے وہ سیف علی خان کی ‘پٹودی پیلس’ ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ‘پٹودی پیلس’ کو سیف علی خان کے دادا نواب افتخار علی خان پٹودی نے تعمیر کروایا تھا، بعد میں یہ پیلس سیف علی خان کے والد منصور علی خان کی ملکیت میں آگیا تھا اور پھر ایک ہوٹل کمپنی نے یہ نوابی حویلی خریدی لی تھی۔
سیف علی خان کی محل نما حویلی میں 150 کمرے ہیں، جن میں بیڈ رومز، ڈریسنگ رومز اور ڈرائینگ رومز سمیت دیگر کمرے شامل ہیں جبکہ حویلی میں ایک شاندار باغ بھی موجود ہے جبکہ حویلی کا فرنیچر بھی نوابی اسٹائل کا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ‘انیمل’ کے علاوہ بھی چند بالی ووڈ فلموں کی شوٹنگ ‘پٹودی پیلس’ میں ہوچکی ہے جن میں منگل پانڈے، ویر زارا، گاندھی: مائے فادر، میرے بردر کی دلہن شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رنبیر کپور کی ’انیمل‘ نے انڈین باکس آفس پر تہلکہ مچایا ہوا ہے، یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم اب تک 400 کروڑ سے زائد کا بزنس سمیٹ چکی ہے۔
’انیمل‘ میں رنبیر کپور کے مقابلے میں بوبی دیول نے ولن کا کردار ادا کیا ہے جبکہ رشمیکا مندانا نے فلم میں خاتون اداکارہ کا مرکزی کردار نبھایا ہے۔