وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کل سے الیکٹرک بسیں روڈ پر آجائیں گی، کراچی شہر کیلئے مزید بسیں آرہی ہیں، کراچی پاکستان کا پہلا شہر ہے جہاں الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحت سہولیات کے حوالے سے پاکستان میں نمبر ون ہیں ۔ سندھ میں علاج کے لیے ہیلتھ کارڈ کی ضرورت نہیں، کوئی بھی شخص ہمارے اسپتالوں میں علاج کروا سکتا ہے ۔ میری طبیعت خراب ہوئی تو میں این آئی سی وی ڈی حیدر آباد میں گیا ۔ یہاں لوگوں کا سرکاری اسپتالوں پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 15 جولائی سے دھابیجی اکنامک زون شروع کیا جارہا ہے ۔ جو کہ پبلک پرائیویٹ پالیسی کے تحت ہے ۔ اس سے روزگار اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ۔ ہم یہاں لوگوں کو بہت سہولیات اور اچھا ماحول دے رہے ہیں ۔ یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مشینری ڈیوٹی اور 10 سالہ ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ہم نے ساحلی پٹی پر اربن فاریسٹ کا کام کیا ہے ۔ ہمارے کاموں کو عالمی اداروں نے سراہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایک اور منصوبے پر بھی کام شروع کیا تھا ۔ جتنی بھی سندھ میں قدرتی معدنیات ہیں، ان کے لیے پوری دنیا کو یہاں لائیں گے اور سرمایہ کاری پر آمادہ کریں گے۔ اس سلسلے میں ایک کانفرنس ہونی تھی جو سیلاب کی وجہ سے ملتوی کی گئی ، اہم اب پوری دنیا کو کانفرنس میں مدعو کریں گے، جس سے یہاں مختلف ممالک سرمایہ کاری کریں گے اور لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو جس ملک بھی گئے، وہاں نوجوانوں کے روزگار کی بات کی ۔ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کمزور ہے، ہم کوشش کررہے ہیں اس سیکٹر میں بہتری لائیں اور نوجوانوں کو مواقع ملیں ۔ ہمارا منصوبہ ہے کہ آئی ٹی یونیورسٹی ہر ضلع میں قائم کی جائے گی ۔ ہمیں اختلافات کے بجائے مل کر پاکستان کے لیے کام کرنا ہوگا ۔ منفی اور نفرت کی سیاست بہت ہوچکی ۔ اب چیزوں کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے تاکہ سب ایک پیج پر ہوں۔