احمد آباد: کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ چیلنجنگ ہوتا ہے۔ کل احمد آباد میں ہونے والے بھارت کیخلاف میچ میں ٹاس کا بہت اہم کردار ہو گا اور رات میں اوس پڑنے کی وجہ سے فلڈ لائٹس میں بیٹنگ آسان ہو جاتی ہے۔
احمد آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم پر احمدآباد کے بڑے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا کوئی دباؤ نہیں ہے کیونکہ ہم پہلے بھی کئی بار تماشائیوں کی بڑی تعداد کے سامنے کھیل چکے ہیں، احمد آباد میں صرف بھارتی ٹیم کے ہی حامی ہوں گے لیکن اگر پاکستانی شائقین کو بھی میچ دیکھنے کی اجازت ہوتی تو یہ ہمارے لیے اچھا ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں بہت زیادہ بڑے اسکور ہو رہے ہیں اور اگر آپ اسٹمپس سے ہٹ کر گیند کرتے ہیں تو باؤلرز کے لیے غلطی مارجن بہت کم ہے اس لیے اپنے باؤلرز سے کہا ہے کہ صحیح لینتھ پر اور وکٹوں میں ہی گیند کریں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ بھارتی ٹیم میں کون سے باؤلرز اور بیٹسمین آپ کو چیلنجنگ لگتے ہیں تو بابر نے کہا کہ چیلنجنگ تو پاکستان اور انڈیا کا میچ ہی ہے، اس میچ سے دونوں ٹیموں کے شائقین کی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں، ہم یہی دیکھتے ہیں کہ بھارتی ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو جلد کیسے آؤٹ کرنا ہے اور ان کے باؤلرز کے خلاف کیسے رنز کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ورلڈ کپ میں جتنے بھی میچز دیکھیں تو اس میں ٹاس بہت اہم ہے کیونکہ رات میں وکٹ بہتر ہو جاتی ہے تو بیٹنگ آسان ہوتی ہے اور میدان میں گزشتہ رات تھوڑی بہت اوس بھی تھی تو ٹاس بہت اہم کردار ادا کرے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں اب تک ورلڈ کپ میں ویسا نہیں کھیل سکا جیسا کھیلنا چاہیے لیکن اگلے میچز میں بہتری نظر آئے گی، بھارت کے خلاف میں کسی باؤلر کی وجہ نہیں بلکہ اپنی غلطیوں کی وجہ سے آؤٹ ہوتا ہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ کم سے کم غلطی کی جائے۔