اسلام آباد: سائفر گمشدگی کیس میں چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئر مین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے فرد جرم عائد کر دی۔ سائفر کیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کی۔
سماعت کے دوران جج ابو الحسنات ذولقرنین نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کی۔چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے فرد جرم روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تاریخ فرد جرم کے لیے رکھی تھی، فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ 17 اکتوبر کو فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم اس وقت تحریک انصاف کے وکلا کی جانب سے چالان کی کاپیاں فراہم نہ کرنے کا اعتراض اٹھایا گیا تھا، پی ٹی آئی کے اعتراض کے بعد فردِ جرم کی تاریخ 23 اکتوبر (آج) مقرر کی گئی تھی۔
آج سماعت کے موقع پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔