راولپنڈی: سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر 10 گواہوں کو پیش کیا گیا، جہاں ان کی حاضری کے بعد بیان ریکارڈ کرنے کا معاملے پھر ملتوی ہوگیا۔
سماعت کے لیے جج ابوالحسنات محمد الذوالقرنین اڈیالہ جیل پہنچے، جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا اور ایف آئی اے کی ٹیم بھی گواہوں کو ساتھ لے کر اڈیالہ جیل پہنچی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کے وکیل بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت میں پہنچے۔ جب کہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر رضوان عباسی بھی اڈیالہ جیل خصوصی عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بسم اللہ کریں، پہلے کون سے گواہ کا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔