کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کی حمایت کر دی۔
کرکٹ کے میدان میں روایتی حریف ٹیم بھارت کے سابق کھلاڑی عرفان پٹھان اکثر سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کا مذاق اڑاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں پاکستانی مشہور شخصیات اور بعض اوقات صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ تاہم اب پہلی بار پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے سابق بھارتی کھلاڑی کی حمایت کی ہے۔
حالیہ اسرائیل فلسطین کشیدگی پر سابق بھارتی کھلاڑی عرفان پٹھان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے غزہ کے مظلوموں کے لیے آواز بلند کی۔ انہوں نے لکھا کہ آئے روز غزہ کے معصوم بچے، خصوصاً 0 سے 10 سال کے بچے اپنی جانیں گنوا رہے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو باعثِ تشویش ہے۔