بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر نے اپنے نوجوان مداح کو تھپڑ مارنے پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی ہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
گزشتہ روز نانا پاٹیکر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک مصروف سڑک پر اپنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اُسی دوران ایک نوجوان مداح اداکار کے قریب آتا ہے اور سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے جس پر نانا پاٹیکر مداح کو زور دار تھپڑ مار دیتے ہیں۔
نانا پاٹیکر کی یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد اب اداکار نے اپنے مداحوں سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں نانا پاٹیکر نے کہا کہ “میری فلم کا ایک منظر تھا جس میں مجھے ایک نوجوان کو تھپڑ مارنا تھا، ہم ایک بار یہ سین کرچکے تھے اور دوبارہ بھی یہی سین کرنا تھا”۔
نانا پاٹیکر نے کہا کہ “مجھے لگا تھا کہ وہ نوجوان ہماری ٹیم کا حصہ ہے اور میں نے اُسے تھپڑ ماردیا لیکن جب مجھے پتا چلا کہ وہ میرا مداح تھا تو میں نے اُسے ڈھونڈا لیکن وہ اُس وقت وہاں سے بھاگ چکا تھا”۔
اداکار نے کہا کہ “اُس مداح کے کسی دوست نے ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی لیکن میں نے جان بوجھ کر تھپڑ نہیں مارا، میں نے اپنے کیریئر میں کبھی بھی کسی مداح کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا”۔
اُنہوں نے کہا کہ “میں اُس مداح سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہا ہوں جسے میں نے تھپڑ مارا، میں اپنے دیگر مداحوں سے بھی معافی مانگ رہا ہوں، مجھے معاف کردیں، یہ سب انجانے میں ہوا”۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم “دی ویکسین وار” کے بعد نانا پاٹیکر اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اسی شوٹنگ کے دوران مداح کو تھپڑ مارنے کا واقعہ پیش آیا۔