نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےکہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔
تفصیلات کےمطابق بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت 28ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کوپ۔28 کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں نگران وفاقی وزراء برائے خزانہ، خارجہ، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، منصوبہ بندی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے ، پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی، پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس اور دیگر متعلقہ معاملات پر پاکستان کا موقف اچھے انداز سے پیش کرنے کے لئے ادارے بھر پور تیاری کریں ۔نگران وزیراعظم دبئی، متحدہ عرب امارات میں ہونے والی 28ویں کانفرنس آف پارٹیز کے یکم اور 2 دسمبر کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔