کوئٹہ: نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ منظور پشتین کو گرفتار کر کے صوبہ بدر کردیا گیا ہے، حکومت پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) پر پابندی عائد کرنے پر غور کررہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ منظور پشتین کو گزشتہ روز چمن سے گرفتار کر کے صوبہ بدر کیا گیا اور انہیں ڈیرہ غازی خان کی پولیس کے حوالے کردیا۔
جان اچکزئی نے بتایا کہ منظور پشتین پابندی کے باوجود صوبے میں داخل ہوئے اور چمن میں جاری دھرنے سے بار بار خطاب بھی کررہے تھے۔
نگراں وزیراطلاعات نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز جب پولیس نے چمن شہر میں منظور پشتین کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو محافظ نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون اور بچہ زخمی ہوئے۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی ایم پر پابندی عائد کرنے پر غور کررہی ہے جبکہ بلوچستان کے نوجوان بھی پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی کا مطالبہ کررہے ہیں۔