قمبر کوٹ: سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں سیپکو حکام کی مدعیت میں ڈھائی سالہ بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
قمبر شہدادکوٹ میں سیپکو حکام کا انوکھا کارنامہ سامنے آیا جہاں سیپکو کے لائن سپرنٹنڈنٹ کی مدعیت میں ڈھائی سالہ بچے کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
کمسن بچے کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس کو اس کی عمر کا پتا چلا۔ ڈھائی سالہ بھورل کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر سیپکو اور پولیس پریشان ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لائن سپرنٹنڈنٹ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر دفعہ 462 ایک کے تحت بھورل نامی ملزم کے خلاف قبو سعید خان تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق گاؤں خادم سیلرو میں بھورل کے گھر چوری کی بجلی چل رہی تھی۔
حکومت کا ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں اب تک کئی افراد کے خلاف مقدمہ اور گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔