اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر عارف علوی سے نگران وزیر قانون احمد عرفان سے ملاقات کی جس میں ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت قانون کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں چاروں صوبوں کے نگران وزرائے قانون نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے نگران وزیر قانون کنور دلشاد، سندھ کے نگران وزیر قانون محمد عمر سومرو، خیبر پختونخوا کے نگران وزیر قانون ارشد حسین شاہ اور بلوچستان کے نگران وزیر قانون امان اللہ کنرانی شریک ہوئے۔
جیو نیوز کے مطابق ترجمان کا بتانا ہے کہ اجلاس میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا گیا اور کہا گیا کہ آئین کی شقوں کو الگ الگ کرکے نہیں مجموعی طور پر آئین کی اسکیم میں دیکھا جاتا ہے۔ وزارت قانون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی روز قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہونے چاہیں، صاف اور شفاف انتخابات کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔
وزارت قانون کے مطابق الیکشن کمیشن ایک آزاد آئینی ادارہ ہے، تمام ادارے حلقہ بندیوں اور انتخابی شیڈول کے تعین میں الیکشن کمیشن کے اختیار کا احترام کریں۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیر قانون احمد عرفان نے صدر عارف علوی نے ملاقات کی جس میں ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، نگران وزیر قانون احمد عرفان نے انتخابات کی تاریخ سے متعلق نگران وزرائے قانون کا مؤقف صدر مملکت کے سامنے رکھا۔