لاہور(شہزاد ملک سے)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج اپنے راولپنڈی کے جلسہ میں اپنے اعلان کردہ سرپرائزمیں کس بات کا قوم اور موجودہ حکومت کو سرپرائز دیں گے سب کی نظریں اسی ایشو پر لگ گئی ہیں۔ تحریک انصاف ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے ایک سرپرائز تو یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ آج اپنی پنجاب،خیبر پختونخواکی حکومت کو ختم کرنے اور ان دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو استعفے جمع کرونے کاکہہ سکتے ہیں،دوسرا سرپرایز سینیٹ سے مستعفی ہونے کااعلان بھی ہو سکتا ہے جبکہ عمران خان اپنی آزادکشمیر حکومت کو بھی ختم کرنے کا اعلان کرکے سرپرائز دے سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ راولپنڈی اور ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر ایک غیر معینہ مدت تک کے احتجاجی دھرنے کااعلان کردیں۔ذرائع کے مطابق یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ آج اسمبلی واپس جانے اور حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے کیلئے اپنی کچھ شرائط رکھ دیں اور ان شرائط کے پورا ہونے کے بعد اپنا ایک وفد تشکیل دیکر حکومت کے ساتھ قبل از وقت انتخابات کروانے کیلئے بات چیت کاآغاز کردیں۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے تمام تر حتمی فیصلوں کااختیار عمران خان کو دیکر انہیں اپنی جانب سے مکمل عمل درآمد کروانے کی مکمل یقین دہانی بھی کروادی ہے اور ابھی سے ورکرز کو ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیاررہنے کا حکم بھی دیدیا ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی آج کی تقریر بھی ایک جارحانہ تقریر ہوگی اور اس تقریر میں وہ موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیں گے اور ان کی کارکردگی کے بارے میں بھی قوم کو آگاہ کریں گے۔