کراچی: نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے چاغی میں کان کنی کا لائسنس حاصل کرلیا، کمپنی 500 اسکوائر کلومیٹر رقبے پر معدنیات تلاش کرے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں معدنیات کی تلاش کیلئے 500 اسکوائر کلومیٹر کا رقبہ لیز پر حاصل کرلیا۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے 2022ء کے شروع میں لیز کیلئے درخواست دی تھی اور اب تمام قانونی اور دیگر ضروری کارروائی کے بعد لیز جاری کی گئی ہے۔
نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فیزیبلٹی کے تحت نیشنل ریسورسز لمیٹڈ برآمد کرنے سے پہلے معدنیات کو ریفائن بھی کرے گی، نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے معدنیات کی تلاش کیلئے آپریشنز شروع کرنے کیلئے ماحولیاتی اور محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات سے این او سیز حاصل کرلی ہیں۔ این آرایل بورڈ نے ایکسپلوریشن پلان کی منظوری دے دی ہے، اس وقت عملی کام شروع کرنے کیلئے ایکسپلوریشن کے وسائل کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق کمپنی اپنے تمام انسانی وسائل ملک کے اندر خاص طور پر بلوچستان سے بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، علاوہ ازیں کمپنی تمام ایکسپلوریشن سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے ایک بڑی غیر ملکی کنسلٹنسی فرم کی بھی خدمات حاصل کرنے کا اراہ رکھتی ہے، اس غیر ملکی کمپنی کنسلٹنسی کی بنیادی ذمہ داری مقامی انجنیئرز کو تربیت فراہم کرنا ہوگی تاکہ ایکسپلوریشن کی سرگرمیوں کو خود سنبھال سکیں۔
واضح رہے کہ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ، یونس برادرز پاکستان لمیٹڈ، ریلائنس کموڈیٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ اور لبرٹی ملز لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے۔ یہ پراجیکٹ تکمیل کے بعد کان کنی میں بڑی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا جس سے پاکستان خصوصاً بلوچستان کے لوگوں کیلئے بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔