الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم کو نگران وفاقی وزرا کے عام انتخابات میں اثر انداز ہونے کے معاملے پر نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئےتو الیکشن کمیشن کے ممبران کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ آپ نگران وفاقی وزرا کی جانب سے کیسے پیش ہو سکتے ہیں۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے قانونی معاونت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ اٹارنی جنرل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں تو وزیراعظم پاکستان کو نوٹس ارسال کرنا ہو گا۔ اس پر الیکشن کمیشن کے بینچ نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو نوٹس جاری کر دیا اور کیس کی سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ ہفتے الیکشن پر اثرانداز ہونے سے متعلق درخواست قابل سماعت قرار دی تھی جس میں نگران وفاقی وزرا احد چیمہ، فواد حسن فواد اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم پاکستان ڈاکٹر توقیر شاہ کو نوٹس ارسال کیا تھا اور ان سے جواب طلبی کی تھی۔