کراچی میں اتوار کو گاڑیاں بنانے والی کمپنی گوگو موٹرز نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑی نمائش کے لیے پیش کی ہے۔
یہ ٹو ڈور فور سیٹر منی الیکٹرک کار ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ گاڑی ایک چارج پر ’220 کلومیٹر‘ کی رینج دے گی۔
اس گاڑی کی تعارفی قیمت 46 لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
سمیر بن عامر کے مطابق یہ گاڑی چار گھنٹوں میں مکمل طور پر چارج ہو جاتی ہے اور اسے چارجنگ کے لیے کسی چارجنگ سٹیشن کے بجائے گھر، آفیس یا کسی بھی جگہ 220 واٹ کے پلگ کی مدد سے چارج کیا جاسکتا ہے۔
ان کے مطابق اس گاڑی کو چلانے کا خرچ چار روپے فی کلومیٹر ہے جبکہ اس کی ٹاپ سپیڈ 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
سمیر بن عامر کے مطابق ’اگر آپ گاڑی کی سپیڈ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھتے ہیں تو ایک چارج سے 220 کلومیٹر کی رینج ملتی ہے۔ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے سپیڈ زائد ہونے پر آپ کو 200 سے 190 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رینج ملے گی۔‘
کمپنی کی جانب سے اس گاڑی کی وارنٹی ایک لاکھ کلومیٹر یا تین سال دی گئی ہے جبکہ کمپنی کے مطابق گاڑی کی بیٹری لائیف آٹھ لاکھ کلومیٹر ہے۔
بیٹری کی قیمت سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سمیر بن عامر نے کہا کہ اس وقت نئی بیٹری کی قیمت 20 لاکھ روپے ہے۔
اس نئی الیکٹرک گاڑی کے آٹو پارٹس کی مارکیٹ میں موجودگی کے سوال کے جواب میں سمیر بن عامر نے کہا کہ اس گاڑی کی موٹر اور بیٹری کی وارنٹی کمپنی دیتی ہے مگر گاڑی کی لائیٹ یا دیگر پارٹس کی ضرورت پڑنے پر کمپنی کے پاس تمام پارٹس موجود ہیں۔